بھارت ایس سی او اجلاس میں اپنے جھوٹے مؤقف کو تسلیم کرانے میں ناکام رہا: خواجہ آصف
وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بھارت شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے اہم بین الاقوامی فورم پر اپنے من گھڑت مؤقف کو منوانے میں بری طرح ناکام رہا ہے۔
نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ بھارت اس وقت ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کر رہا ہے کیونکہ جنگ میں پاکستان کے ہاتھوں شکست کے بعد نریندر مودی اپنی سیاسی ساکھ بچانے کے لیے جھوٹے بیانیے کا سہارا لے رہے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ سندھ طاس معاہدہ ایک بین الاقوامی معاہدہ ہے جسے کوئی فریق یکطرفہ طور پر معطل نہیں کر سکتا۔ وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ ایس سی او اجلاس میں ماحول مکمل طور پر خوشگوار تھا اور کسی قسم کی کشیدگی دیکھنے میں نہیں آئی۔
خواجہ آصف کے مطابق اجلاس کے قواعد و ضوابط کے تحت شرکاء کو ایک دوسرے کی تقاریر پر براہ راست جواب دینے یا تنقید کا موقع نہیں دیا جاتا، یہی وجہ ہے کہ بھارتی وزیر دفاع کو پاکستان پر اعتراض اٹھانے کا موقع نہیں ملا۔
وزیر دفاع نے مزید کہا کہ نریندر مودی کی سیاسی زندگی اب اختتام کے قریب ہے اور بھارت کو اپنی جھوٹی حکمت عملیوں سے کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔