اسرائیلی فوج

غزہ پر قیامت خیز حملے، اسرائیلی فوج کی بمباری سے 68 فلسطینی شہید

غزہ میں اسرائیلی جارحیت جاری، جبالیہ میں اسکول پر بمباری، 68 فلسطینی شہید

غزہ میں اسرائیلی فوج کے تازہ حملے انسانی جانوں کے مزید ضیاع کا سبب بنے ہیں۔ عرب میڈیا کے مطابق شمالی غزہ کے جبالیہ علاقے میں ایک پناہ گزین اسکول کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں درجنوں فلسطینی شہید ہو گئے۔

نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق امدادی سامان کے انتظار میں جمع فلسطینیوں پر بھی اسرائیلی فضائی حملہ کیا گیا۔ ان تازہ حملوں میں مجموعی طور پر 68 فلسطینیوں کی شہادت کی تصدیق کی گئی ہے۔

ادھر اسرائیلی فوج نے ایران کے ساتھ حالیہ جنگ بندی کے بعد غزہ میں ایک بڑے زمینی آپریشن کی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ فوجی ترجمان کے مطابق شمالی غزہ کے 17 گنجان آباد علاقوں کے رہائشیوں کو فوری انخلا کا حکم دیا گیا ہے۔ متاثرہ علاقوں میں مشرقی زیتون، تفاح، دراج، صبرہ، جبالیہ البلد، جبالیہ کیمپ اور تل الزعتر شامل ہیں۔

اسرائیلی فوج نے خبردار کیا ہے کہ اگر شہریوں نے ہدایت کے مطابق علاقے خالی نہ کیے تو انہیں شدید نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔ فوجی حکام کے مطابق شمالی غزہ میں آپریشن کے بعد کارروائیاں وسطی غزہ تک وسیع کی جا سکتی ہیں۔

واضح رہے کہ 7 اکتوبر 2023 سے جاری اسرائیلی حملوں میں اب تک 56 ہزار سے زائد فلسطینی، جن میں بڑی تعداد خواتین اور بچوں کی ہے، شہید ہو چکے ہیں۔ انسانی حقوق کی تنظیموں نے ان مسلسل حملوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔