پیٹرول

عوام پر ایک اور بوجھ! پیٹرولیم مصنوعات 15 روپے فی لیٹر مہنگی ہونے کا خدشہ

یکم جولائی سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ متوقع
مہنگائی کے بوجھ تلے دبے عوام کے لیے ایک اور بری خبر سامنے آ گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق یکم جولائی سے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں نمایاں اضافے کا امکان ہے۔

نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کے مطابق پیٹرولیم ڈویژن ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ 15 روز کے لیے پیٹرول کی قیمت میں 11 روپے فی لیٹر جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 15 روپے فی لیٹر تک اضافہ متوقع ہے۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ممکنہ اضافے کی سمری آج اوگرا کی جانب سے وزارت پیٹرولیم کو ارسال کی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق نئی قیمتوں کا حتمی اعلان وزیراعظم کی مشاورت اور وزیر خزانہ کی منظوری کے بعد آج رات متوقع ہے۔ عوامی حلقوں میں پہلے ہی مہنگائی کے باعث شدید تشویش پائی جا رہی ہے اور اب ایندھن کی قیمتوں میں متوقع اضافہ شہریوں کے لیے مزید مشکلات کا باعث بن سکتا ہے۔