عافیہ

عافیہ صدیقی کیس: حکومت پاکستان کا امریکی عدالت میں شامل ہونے سے انکار

عافیہ صدیقی کیس: حکومت پاکستان کا امریکی عدالت میں فریق بننے سے انکار، اسلام آباد ہائیکورٹ نے وجوہات طلب کرلیں-

وفاقی حکومت نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کیس میں امریکی عدالت میں فریق بننے اور عدالتی معاونت فراہم کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی صحت اور وطن واپسی سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی۔

عدالت میں درخواست گزار کے وکیل عمران شفیق، ایڈیشنل اٹارنی جنرل اور دیگر حکام پیش ہوئے۔ سماعت کے دوران ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ حکومت پاکستان نے فیصلہ کیا ہے کہ امریکہ میں اس کیس میں فریق نہیں بنے گی۔

جسٹس سردار اعجاز نے سرکاری وکیل سے استفسار کیا کہ اس فیصلے کی کیا وجوہات ہیں؟ عدالت نے ریمارکس دیے کہ کسی بھی سرکاری فیصلے کے پیچھے وجوہات ہوتی ہیں اور یہ آئینی عدالت ہے، لہٰذا حکومت کو اپنے فیصلے کی وضاحت پیش کرنا ہوگی۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے مؤقف اختیار کیا کہ انہیں صرف یہی ہدایت ملی ہے کہ حکومت اس کیس میں فریق نہیں بنے گی۔ اس پر عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بغیر وجوہات کے ایسا فیصلہ قبول نہیں کیا جا سکتا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل کو ہدایت دی کہ آئندہ سماعت پر، جو 4 جولائی کو مقرر ہے، حکومت کے اس فیصلے کی مکمل وجوہات تحریری طور پر عدالت میں پیش کی جائیں۔