پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن کو بڑا دھچکا، 4 اسٹینڈنگ کمیٹی چیئرمینوں کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک منظور
پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن کی چار اسٹینڈنگ کمیٹیوں کے چیئرمینوں کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک منظور کرلی گئی۔ نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے مطابق لٹریسی، اسپیشل ایجوکیشن، کالونیز اور مینجمنٹ اینڈ پروفیشنل ڈیولپمنٹ کی کمیٹیوں کے سربراہان کو ان کے عہدوں سے ہٹا دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق لٹریسی کمیٹی کے چیئرمین عنصر اقبال، اسپیشل ایجوکیشن کی چیئرپرسن صائمہ کنول، کالونیز کے چیئرمین احسن علی اور مینجمنٹ اینڈ پروفیشنل ڈیولپمنٹ کے چیئرمین رائے مرتضیٰ عدم اعتماد کی زد میں آئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق یہ تمام چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے تعلق رکھتے تھے۔ اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے چاروں کمیٹی چیئرمینوں کو برطرفی کے نوٹس بھی جاری کر دیے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق اب ان کمیٹیوں کے لیے نئے چیئرمینوں کا انتخاب جلد کرایا جائے گا۔