پیٹرولیم

سفر کرنا بھی مہنگا! ریلوے نے کرایے بڑھا دیے، عوام پریشان

پیٹرولیم مصنوعات مہنگی ہونے کے بعد ریلوے نے کرایوں میں اضافہ کر دیا

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات پاکستان ریلوے پر بھی پڑنے لگے ہیں۔ پاکستان ریلوے نے ٹرینوں کے کرایوں میں 2 فیصد اضافہ کر دیا ہے جس کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق کرایوں میں اضافے کا اطلاق 4 جولائی سے کیا جائے گا اور یہ تمام مسافر ٹرینوں، شٹل سروس اور سیلونز پر لاگو ہوگا۔ ریلوے انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ نئے کرایوں کا اطلاق ایڈوانس بکنگ پر بھی ہوگا، جبکہ ڈائریکٹر آئی ٹی اور متعلقہ ڈی ایس افسران کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ وہ فوری طور پر نئے نرخنامے کے مطابق عملدرآمد یقینی بنائیں۔

ریلوے حکام کے مطابق حالیہ دنوں میں ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے سے ادارے کو ماہانہ 10 کروڑ 90 لاکھ روپے کے خسارے کا سامنا تھا، جس کی وجہ سے کرایوں میں اضافہ ناگزیر ہو گیا۔