دریائے سوات میں ڈوبنے والا بچہ ابھی تک لاپتہ، ریسکیو آپریشن چوتھے دن میں داخل

دریائے سوات میں ڈوبے بچے کی تلاش جاری، تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن دوسرے روز بھی برقرار
دریائے سوات میں ڈوبنے والے ایک بچے کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن مسلسل چوتھے دن بھی جاری ہے۔ نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق چار روز قبل پیش آنے والے افسوسناک واقعے میں مجموعی طور پر 17 افراد دریا میں ڈوب گئے تھے جن میں سے 12 افراد کی لاشیں نکال لی گئیں جبکہ 4 افراد کو بروقت بچا لیا گیا تھا۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ لاپتہ بچے کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن مختلف مقامات پر جاری ہے جس میں ریسکیو ٹیموں کے ساتھ مقامی غوطہ خور بھی بھرپور حصہ لے رہے ہیں۔ دریا کے مشکل اور گہرے حصوں میں بھی تلاش کا عمل جاری ہے۔

دوسری جانب دریائے سوات کے کنارے قائم غیر قانونی تجاوزات کے خلاف ضلعی انتظامیہ کی کارروائی دوسرے روز بھی جاری رہی۔ حکام کے مطابق مینگورہ بائی پاس کے بعد اب فضاگٹ کے علاقے میں بھی آپریشن شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ دریا کے بہاؤ میں رکاوٹ بننے والے تمام غیر قانونی ڈھانچوں کو ہٹایا جا سکے۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ تجاوزات کے خاتمے کا مقصد مستقبل میں ایسے حادثات کی روک تھام اور دریا کے قدرتی بہاؤ کو بحال کرنا ہے۔