پنجاب میں وزراء کیلئے ایک اور ریلیف، لیو الاؤنس میں اضافہ کا فیصلہ
پنجاب حکومت نے وزراء، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے لیے لیو الاؤنس کو تنخواہ کے برابر کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس فیصلے کو عملی شکل دینے کے لیے پنجاب عوامی نمائندگان قوانین (ترمیمی) بل 2025 پنجاب اسمبلی سے منظور کرا لیا گیا ہے۔
دنیا نیوز کی رپورٹ کے مطابق یہ ترمیمی بل حالیہ اسمبلی اجلاس میں منظور ہوا جس کے تحت پنجاب منسٹرز (سیلری، الاؤنسز، پرولیجز) ایکٹ 1975 میں ترامیم کی جائیں گی۔ ان ترامیم کے بعد صوبائی وزراء کو چھٹیوں کے دوران بھی مکمل تنخواہ ملے گی اور کسی قسم کی کٹوتی نہیں ہوگی۔
اس سے قبل ایک لاکھ روپے ماہانہ تنخواہ لینے والے وزیر کو اگر ایک ماہ کی چھٹی لینی پڑتی تو صرف 74 ہزار روپے ملتے تھے۔ اب نئے قانون کے تحت وزراء کو مکمل تنخواہ کے برابر لیو الاؤنس دیا جائے گا۔
حکومت کے اس اقدام پر عوامی حلقوں میں ملا جلا ردعمل سامنے آ رہا ہے جہاں مہنگائی اور عوامی مسائل کے دوران وزراء کیلئے اضافی مراعات پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔