پشاور ہائیکورٹ نے مخصوص نشستوں پر حکم امتناع ختم کر دیا، معاملہ الیکشن کمیشن کے سپرد
پشاور ہائیکورٹ نے خیبرپختونخوا اسمبلی میں مخصوص نشستوں کی تقسیم سے متعلق اہم کیس میں حکم امتناع واپس لیتے ہوئے عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کی درخواست الیکشن کمیشن کو بھجوا دی ہے۔ عدالت نے الیکشن کمیشن کو ہدایت دی ہے کہ اے این پی کی درخواست پر قانون کے مطابق سماعت کی جائے۔
نجی ٹی وی چینل ’’آج نیوز‘‘ کے مطابق کیس کی سماعت جسٹس ارشد علی اور جسٹس ڈاکٹر خورشید اقبال پر مشتمل دو رکنی بینچ نے کی۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ مخصوص نشستوں کے تنازعے کو الیکشن کمیشن میں حل کیا جائے گا۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹرین (پی ٹی آئی پی) کی جانب سے دائر کی گئی اسی نوعیت کی درخواست واپس لے لی گئی کیونکہ یہی معاملہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں بھی زیر سماعت ہے۔
اس عدالتی فیصلے کے بعد مخصوص نشستوں کے حوالے سے سیاسی جماعتوں کی نظریں اب الیکشن کمیشن پر مرکوز ہو گئی ہیں جہاں اس اہم معاملے کا فیصلہ متوقع ہے۔