بارشوں کا نیا سلسلہ! 5 جولائی تک مختلف علاقوں میں موسم خوشگوار رہے گا

ملک بھر میں 5 جولائی تک بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کی پیشگوئی، مختلف علاقوں میں طغیانی اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ
اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے 5 جولائی تک ملک بھر میں وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کی پیشگوئی کر دی ہے۔

نجی ٹی وی ’’دنیا نیوز‘‘ کے مطابق، شمال مشرقی پنجاب، خطہ پوٹھوہار اور بالائی خیبر پختونخوا میں موسلا دھار بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ مری، گلیات، اسلام آباد، راولپنڈی، سوات اور پشاور کے ندی نالوں میں طغیانی جبکہ کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔

لاہور، گوجرانوالہ، سوات، مالاکنڈ، جہلم، چکوال اور سیالکوٹ سمیت متعدد شہروں میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق، حالیہ بارشوں اور سیلابی ریلوں کے باعث ملک بھر میں اب تک 45 افراد جاں بحق اور 68 زخمی ہو چکے ہیں۔ حکام نے شہریوں کو نشیبی علاقوں سے دور رہنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔