ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کا اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے نام اظہارِ تشکر
ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کو ایک خط کے ذریعے ان کے پارلیمانی کردار اور قومی یکجہتی کے فروغ میں کردار ادا کرنے پر دلی شکریہ ادا کیا ہے۔
ائیر چیف مارشل نے اپنے خط میں کہا کہ بھارتی جارحیت کے خلاف پوری قوم کو یکجا کرنے اور قومی اتحاد کو مضبوط بنانے میں اسپیکر قومی اسمبلی کا کردار قابلِ تعریف ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمانی قیادت کی جانب سے جس خلوص اور جذبے کے ساتھ قومی یکجہتی کا مظاہرہ کیا گیا، پاک فضائیہ اس پر تہہ دل سے شکر گزار ہے۔
اپنے پیغام میں انہوں نے مزید کہا کہ قومی اسمبلی کے معزز اراکین کی جانب سے پاک فضائیہ کے ساتھ اظہارِ یکجہتی نہ صرف باعثِ فخر ہے بلکہ دشمن کی جارحیت کا مؤثر جواب دینے کے بعد جو خراجِ تحسین پیش کیا گیا، وہ ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
ائیر چیف مارشل نے اس امر پر زور دیا کہ پاک فضائیہ کی کامیابی اللہ تعالیٰ کے خاص کرم اور پوری قوم کی حمایت، اتحاد اور یکجہتی کا مظہر ہے۔